۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدر آباد ہندوستان نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر پیغام رمضان کے عنوان سے ایک بیان جاری کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدر آباد مولانا علی حیدر فرشتہ کے پیغام رمضان کا متن کچھ یوں ہے۔

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُتِبَ عَلَیْكُمُ الصِّیَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ(البقرہ:183)ترجمہ: کنزالعرفاناے ایمان والو!تم پر روزے فرض کیے گئے جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تا کہ تم پرہیز گار بن جاؤ۔(البقرہ آیت ۱۸۳)

ماہ رمضان المبارک کا اہم ترین پیغام تقویٰ و تزکیہ نفس ہے۔

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

اللہ سبحانہ و تعالی ٰ کا لاکھ لاکھ شکر کہ اس نے اپنے فضل و کرم اور اہل بیت علیہم السلام کے عنایات و توجہات سے ایک بار پھر ہمیں عظمتوں ،فضیلتوں،رحمتوں اور بے شمار برکتوں و نعمتوں والے مہینہ ماہ رمضان المبارک ’’شہراللہ‘‘ کا استقبال کرنے کے لئے حیات مستعار عنایت فرمائی۔

ماہ رمضان المبارک کی عظمت وفضیلت و فرضیت کے سلسلہ میں یہی کیا کم ہے کہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ماہ شعبان المعظم کے آخری جمعہ کو خصوصی خطبہ ارشاد فرمایا جو30 نکات پر مشتمل ’’خطبہ شعبانیہ‘‘ کے نام سے مشہور و معروف ہےجس کے راوی مولائے کائنات امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام ہیں۔ جس میں آپ نے ماہ رمضان المبارک کے استقبال کرنے اور اور اس مہینہ کی خصوصی برکات و نعمات و مراعات سے فیض و فائدہ حاصل کرنے کے لئے آمادہ و تیا رہنے کی ترغیب و تاکید فرمائی ہے۔اس میں آپ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا’’ اے لوگو! تم پر ایک عظمت اور برکت والا مہینہ سایہ فگن ہو رہا ہے ، اس مبارک مہینہ کی ایک رات ( شب قدر ) ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس خطبے میں ماہ رمضان کی عظمت کے علاوہ زیر کفالت اور محتاج افراد کا خیال رکھنے، آنکھ، کان اور زبان پر قابو، قرآن کی تلاوت، صلوات بھیجنے اور قیامت کو یاد کرنے کی سفارش ہوئی ہے۔

ماہ رمضان کے بارے میں مشہور تعبیریں اسی خطبے سے مآخوذ ہوئی ہے۔جیسے؛ «رمضان اللہ کی مہمانی کا مہینہ ہے» یا «روزہ رکھنے والے کی نیند عبادت ہے»۔ اس خطبے کے آخر میں امام علیؑ کے اس سوال پر کہ ماہ رمضان میں سب سے افضل عمل کونسا ہے؟ پیغمبر اکرمؐ نے گناہ سے دوری اختیار کرنے کو اس مہینے کا سب سے افضل عمل قرار دیا اور اسی مہینے میں امام علیؑ کی شہادت کی خبر دیتے ہوئے آپ کے بعض فضائل اور مناقب کی طرف بھی اشارہ کیا ہے‘‘۔

قرآن واحادیث کی روشنی میں ماہ رمضان المبارک کا اہم ترین پیغام تقویٰ و تزکیہ نفس ہے۔بنابریں وہ نجات پاگیا جس نے اپنے قلب و نفس سے حسد،کینہ ،کدورت،غیبت،ریا کاری،مکاری،دغابازی،بغض و بیر،نفرت و عداوت،کبر نخوت،معصیت و نافرمانی وغیرہ جیسے اخلاقی و باطنی بدنما اور ذلت آمیز داغ دھبّوں کو تقویٰ و طہارت کے پانی سے پاک و صاف بنا لیا۔بدبخت وہ شخص ہے جو اس مہینہ میں اللہ کی مغفرت سے محروم رہ جائے۔فقط۔والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ!

محتاج دعا: علی حیدر فرشتہ بانی و سرپرست اعلیٰ مجمع علماء و خطباء حیدر آباد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .